امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ایران اور افغانستان کے سفیروں نے اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور افغان سفیر سردار احمد شکیب نے امیر العظیم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک جان، دو قالب کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ مسلسل رابطوں اور باہمی اعتماد سے پاک افغان اختلافات ختم کیے جا سکتے ہیں، ایران، غزہ اور لبنان میں فوری اور مکمل جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی و اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان، ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کا باہمی تعاون خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔
افغان سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا تعاون خطے میں پائیدار امن کےلیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔