• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں، چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں: شرجیل میمن

2024 کے الیکشن میں آپ کو بدترین شکست ہوئی اور سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے، شرجیل میمن - فوٹو: فائل
2024 کے الیکشن میں آپ کو بدترین شکست ہوئی اور سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے، شرجیل میمن - فوٹو: فائل

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آپ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت میں بیٹھی ہیں۔ آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں۔ چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں بد ترین دھاندلی کی گئی۔ مریم نواز کی گفتگو چوری اور سینہ زوری ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خیراتی مینڈیٹ پر بیٹھی ہوئی۔ ن لیگ فارم 47 کی پیداوار ہے۔ 2024 کے الیکشن میں آپ کو بدترین شکست ہوئی اور سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کسی سے بھی پوچھ لیں آپ کو ووٹ نہیں ملا تھا۔ چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں۔ آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آپ کی لیڈر شپ ہمیشہ معاہدے کرکے کے ملک سے بھاگی ہے، ہم لوگ بھاگے نہیں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آپ کے وفاقی وزیر آج صبح تک میرپور ڈویژن میں موجود تھے اور انتظامیہ پر اثر انداز ہو رہے تھے۔ آپ کے وفاقی وزرا نے الیکشن کمیشن کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کو کرنے دیں۔ وفاقی حکومت میں زبردستی آکر بیٹھے ہیں اور اب آپ آزاد کشمیر میں زبردستی حکومت کرنا چاہ رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعظم فیصل راٹھور آزاد کشمیر نے پیپلز پارٹی کے کسی جلسے میں شرکت نہیں کی۔ آپ اور وفاقی وزراء الیکشن مہم کے لیے جلسے کرتے رہے۔ آپ نے الیکشن سے تین دن پہلے وہاں گرین بسیں بھجوائیں۔ 

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ آپ کی جماعت اقتدار کی ہوس میں ہر ناجائز طریقے اختیار کرنے پر تیار ہے۔ آپ نے پنجاب میں کام کیا اور مقبول ہیں تو استعفیٰ دیں اور دوبارہ الیکشن لڑیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آپ تخت لاہور پر زبردستی سے قابض ہیں۔ آپ ڈنڈے کے زور پر سیٹ چھین سکتے ہیں لیکن عوام کے دل میں محبت نہیں ہوگی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بہترین طبی سہولتیں سندھ میں ہیں۔ ن لیگ وفاق میں جب بھی حکومت میں رہی ہے اس نے سندھ کو نظر انداز کیا۔ پورے ملک سے سندھ میں لوگ علاج کے لیے آتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پورے ملک میں سب سے بہتر سندھ میں کام کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید