• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بعد بھارت میں ایک اور تحریک ’خرگوش جنتا پارٹی‘ سامنے آ گئی

—فوٹو بشکریہ ایکس
—فوٹو بشکریہ ایکس 

بھارتی چیف جسٹس سوریہ کانت کے ایک متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی طنزیہ سیاسی تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بعد اب بھارت میں ایک اور طنزیہ سیاسی تحریک ’خرگوش جنتا پارٹی‘ سامنے آ گئی۔

اس نئی طنزیہ سیاسی تحریک ’خرگوش جنتا پارٹی‘ کو بھارتی یوٹیوبر اور بگ باس کے فاتح ایلویش یادو نے لانچ کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی اس نئی طنزیہ سیاسی تحریک کے آغاز کا اعلان 10 جون کو کیا۔

ایلویش یادو نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی اس نئی طنزیہ سیاسی تحریک ’خرگوش جنتا پارٹی‘ کا ایک پوسٹر شیئر کیا ہے۔

پوسٹر میں یوٹیوبر کی تصویر اور اس کے ارد گرد کچھ خرگوش اور گاجریں بنی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

یوٹیوبر کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر پر پارٹی کا دلچسپ نعرہ بھی لکھا ہوا پڑھا جا سکتا ہے ’تیز دماغ، لمبے کان، سب کا وکاس، گاجر کے ساتھ!‘

ایلویش یادو نے پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ سارے بھائی جنتر منتر پہنچ جاؤ، سب کو ایک مفت گاجر ملے گی۔

بھارتی یوٹیوبر کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں چیف جسٹس سوریہ کانت کے ایک متنازع بیان کے بعد ایک 30 سالہ بھارتی شہری ابھیجیت دیپکے نے طنزیہ انداز میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر مہم شروع کی جسے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت ’بھارتیہ جنتا پارٹی‘ پر طنز قرار دیا جا رہا ہے۔

چند دنوں میں پارٹی کے انسٹاگرام فالوورز 3 ملین سے تجاوز کر گئے جبکہ 350,000 سے زیادہ افراد نے کمیونٹی کی آن لائن رکنیت حاصل کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جین زی کی اکثریت والی اس تحریک میں کئی اپوزیشن رہنما بھی شامل ہو چکے ہیں، پارٹی کا منشور نوجوانوں کی بے روزگاری، میڈیا پر دباؤ اور سیاسی نظام پر کھلم کھلا طنز اور تنقید ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید