اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)گرفتار امریکی شہری میتھیوبیرٹ کو ملک بدرکرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ‘وزارت داخلہ نے ڈی پورٹ کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے‘ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم نامہ ایف آئی اے کو موصول ہو گیا ہے جبکہ میتھیو بیرٹ کی ملک بدری کے لیے عدالتی اجازت نامہ آج بدھ کو حاصل کی جائے گا۔ادھر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ آور کا تعلق پشین سے تھا جس کی انگلیوں کے نشان کی تصدیق اسی روز ہوگئی تھی کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں ٗگرفتار امریکی شہری میتھیوبریٹ سے تفتیش کی گئی ہے اور جے آئی ٹی رپورٹ آگئی ہے جس کے مطابق وہ جا سوسی میں ملوث نہیں ہے‘نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے 9 خالصتاً صوبوں سے متعلق ہیں‘ناصرجنجوعہ کی سربراہی میں جوکمیٹی بنی ہے وہ خالصتاًانتظامی نوعیت کی ہے ۔انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں ڈ اکٹر شیریں مزاری کے نکتہ اعتراض کے جواب میں ایوان کو بتائی ۔چو ہدری نثار علی خان نے کہا کہ میتھیوبریٹ کو 24گھنٹوںویزا جاری کیا گیا‘یہ اور بڑا گناہ ہے‘بہت سے لوگ ہیں جو چکر لگا لگا کر تنگ آجاتے ہیں انہیں ویزا نہیں دیا جا تا‘انہوں نے انکشاف کیا کہ میتھیو نے فارم بھرا تو کئی خانے خالی چھوڑ دیے گئے‘انہوں نے یہ جواب نہیں دیا کہ انہیں کبھی ڈی پورٹ کیا گیا یانہیں؟ یہ جواب بھی نہیں دیا کہ انہیں کبھی ویزے سے انکار کیا گیا یا نہیں؟ایک خانہ ایسا ہے جس کے ہاں اور نہیں دو نوں کو کراس کیا گیا‘وزارت داخلہ نے تو اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے توقع ہے کہ وزارت خارجہ بھی ایکشن لے گی‘میں اس کیس کو فالو اپ کر رہاہوں ‘امریکی شہری کے جاسوس ہونے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 2011 میں انہیں فتح جنگ کے قریب گرفتار کیا گیا ‘سکیورٹی ایجنسی نے انہیں روکا تو اس نے جھگڑا کیا جس کی ایف آئی آر درج کی گئی تاہم اس کے خلاف جاسوسی یا نقشے برآمد ہونے کا کوئی الزام نہیں لگا یا گیا‘ان کی شادی پاکستانی شہری سے ہوئی‘ان کے سسر نے ان کا کیس لڑا‘سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تحت انہیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔اس بار میتھیوکی آمدکا علم ان کے سسر کو بھی نہیں تھا۔اس مرتبہ جب وہ گرفتار ہوئے تو میں نے ایف آئی اے پر انحصار نہیں کیا بلکہ جے آئی ٹی بنائی جس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے شامل کئے گئے‘چھ دن تفتیش کی گئی مگر جاسوسی کا الزام ثابت نہیں ہوا۔ سا نحہ کوئٹہ کے بارے میں وزیر داخلہ نے بتا یا کہ ابھی کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی‘انٹیلی جنس ان پٹ سے کچھ تانے بانے ملے ہیں‘جونہی کوئی عملی پیش رفت ہوگی ایوان کو بتا یا جا ئے گا تاہم مجرموں کو ضرور پکڑا جا ئے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے بتا یا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ناصر جنجوعہ کی سر براہی میں جوکمیٹی بنی ہے وہ انتظامی نوعیت کی ہے ‘اگلے چند دنوں میں وزرائے اعلیٰ کو بلا یا جا ئے گا‘انہوں نے وضاحت کی کہ نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکات ہیں جن میں سے نو مکمل طور پر صو بوں سے متعلق ہیں‘ آٹھ وفاقی وزارتوں سے متعلق ہیں جن میں سیفران ،فنانس، مذہبی امور ، تعلیم اور آئی ٹی کی وزارتیں شامل ہیں۔