امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر کل دستخط ہونے ہیں، جس کے بعد آبنائے ہرمز سب کے لیے کھُل جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز سب کے لیے کھُل جائے گی، جب سکون ہوجائے گا تو مناسب وقت پر جا کر جوہری مواد کی باقیات حاصل کرلیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے یہ سارا عمل جلد اور آسانی سے مکمل ہو جائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو ہمارے پاس آخری اور فیصلہ کن متبادل موجود ہے، ہم ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کے منتظر ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کُھلے گی تو بارودی سرنگیں صاف کریں گے، ہرمز سے بارودی سرنگوں کی صفائی میں جی سیون ممالک بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ اگلے ہفتے جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائنز پر آبنائے ہُرمُز کی بارودی سرنگوں کی صفائی کے موضوع پر مصر، قطر، متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے بات کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں ایران امریکا ڈیل پر الیکٹرانک دستخط ہونے کا امکان ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا بیان شیئر بھی کیا تھا۔