• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کرنا شروع کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ : فوٹو اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ : فوٹو اے ایف پی 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کرنا شروع کردیا، عبور کرنے والے کئی بحری جہازوں پر تیل لدا ہوا ہے۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے بحری جہاز جنوب کے محفوظ علاقے کی جانب رواں دواں ہیں، جہازوں کے سفر کے لیے دیگر راستے بھی موجود ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ اسرائیلی وزیراعظم کی مخالفت کے باوجود طے پایا، اگرایران حتمی جوہری معاہدے تک نہ پہنچا تو وہ دوبارہ حملہ کریں گے۔

دوسری جانب  امریکا ایران معاہدے کے بعد کم از کم ایک آئل ٹینکر نے آبنائے ہُرمُز پار کرلی۔

 برطانوی نشریاتی ادارے نے بحری جہازوں کی نقل و حرکت کے اعداد و شمار کے بعد خبر دی ہے کہ پاناما کے پرچم بردار مال بردار جہاز ’ایم ڈی ایل کامران‘ نے آبنائے ہُرمُز کو عبور کیا ہے۔

11 جون کو امام خمینی بندرگاہ سے سفر شروع کرنے والے جہاز نے ٹریکرز بند کر کے آبنائے ہُرمُز عبور کی، اور پھر اپنے ٹریکرز کھول دیے، یہ جہاز اس وقت عمان کی شناس بندرگاہ کی جانب رواں دواں ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ امید ہے معاہدے کا مسودہ اسی ہفتے جاری کر دیں ، ایران کے ساتھ دو مراحل پر مشتمل تصدیقی عمل ہوگا ، ابھی بہت ساری تفصیلات پر کام کرنا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ دیکھیں گے کہ تہران کن معاملات میں رعایت دینے پر آمادہ ہے، یقیناً نئے مشرق وسطیٰ مذاکراتی میز پر اسرائیل کے لیے بھی ایک کرسی ہوگی، توقع ہے آبنائے ہرمز طویل عرصے تک ٹول فری رہے۔

دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا میکنزم آج یا کل فائنل کیا جائے گا پھر اس کا اعلان ہوگا، ایم او یو پر دستخط جمعے کو جنیوا میں ہوں گے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی حکومت کو ایرانی عوام کا بھروسہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے طویل سفر طے کرنا ہوگا، لبنان کے خلاف جارحیت کا خاتمہ، اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام بھی مفاہمتی یادداشت کا بنیادی حصہ ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران، عمان اور دیگر ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز کو محفوظ گزر گاہ بنانے کے اقدامات کرے گا، میری ٹائم سروس فیس وصول کی جائے گی، معاہدے کے تحت امریکا نے ہرجانے کی ادائیگی اور منجمد اثاثے بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے، ایران کو اپنا تیل اور پیٹروکیمیکل برآمد کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، امریکا نے افزودہ یورینئم ایران سے نکالنے کی ایک بار کوشش کر لی اور اس کا نتیجہ بھی دیکھ لیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران امریکا امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کا میزبان پاکستان ہوگا، تقریب 19 جون کو جنیوا میں ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں ایران امریکا معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دو ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کی فتح ہے، جنگ کےشعلے بجھانے اور قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دن رات وقف کردیے، مذاکرات کے دوران کئی ایسے نشیب و فراز آئے کہ لگتا تھا کہ ابھی معاملہ ختم ہوجائے گا لیکن اس عظیم سپوت نے ہمت نہیں ہاری۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید