• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے فیلڈ مارشل، نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ سرگرمِ عمل رہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹے، دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امن کے قیام کی کوششوں میں ساتھ دیا، حکومتِ پاکستان، فیلڈ مارشل، نائب وزیرِ اعظم،وزیرِ داخلہ سرگرمِ عمل رہے۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کا خیر مقدم کیا اور بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے جس قدر ممکن ہو سکا بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی، بجٹ میں خواتین کو خود مختار بنانے اور قومی دھارے میں شمولیت میں اضافے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے اور عالمی امن کے دیرپا قیام سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہو گا، گزشتہ مہینوں میں عالمی مہنگائی کی لہر سے جس قدر ممکن ہو سکا عوام کو بچانے کی کوشش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نہ تو ملک میں کوئی بحران آیا اور نہ ایندھن کے لیے قطاریں دیکھنے کو ملیں، بہتر منصوبہ بندی سے عوام کو پریشانی سے جس قدر ممکن ہوا بچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے کمزور طبقوں کے لیے تاریخی پیکیج دیا گیا، حالیہ بحران میں سب سے پہلے قربانی کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ اس ملک کے عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے۔

قومی خبریں سے مزید