• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ایران امن معاہدے کے بعد تیل سستا، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برینٹ تیل کی قیمت میں 2.3 فیصد کمی ہوئی اور یہ تقریباً 77.73 ڈالرز فی بیرل پر آ گئی جو ایک روز قبل کی سطح کے قریب ہے۔

اس سے قبل کشیدگی کے باعث قیمتیں 81 ڈالرز سے بھی اوپر چلی گئی تھیں۔

ایران امریکا کے درمیان معاہدے کے بعد ایشیاء میں اسٹاک مارکیٹس نے بھی مثبت ردِعمل دیا ہے۔

جاپان کا نکئی 225 اور جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جس میں بالترتیب 2 فیصد اور 1.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تائیوان کی مارکیٹ میں بھی 1.3 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 1.7 فیصد کمی کا شکار رہا۔ 

امریکی اسٹاک فیوچرز میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس میں 1.3 فیصد تک بہتری دیکھی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کھولنے اور بحری پابندیاں ختم کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم شپنگ کمپنیوں کے مطابق صورتِ حال اب بھی مکمل طور پر واضح نہیں اور رسک برقرار ہے۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق بحران کے دوران عالمی منڈی میں روزانہ تقریباً 14 ملین بیرل تیل کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ثالثی سے طے پانے والے اس معاہدے کو مارکیٹس نے وقتی طور پر مثبت پیش رفت قرار دیا ہے تاہم ماہرین کے مطابق اصل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید