ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران ایرانی صدر نے پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں کا یہ اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد پہلا رابطہ ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو 30 منٹ سے زائد جاری رہی، اس دوران وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کیلئے بھی پُرتپاک احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہا اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کےلیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا کی۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اعلامیہ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، اخلاص اور دانشمندی سے ثالثی کے عمل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کے اس عمل کو ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا، مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔