وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے میں ایک دوسرے کو ایران امریکا معاہدے پر دستخط کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے بڑھانا ناگزیر ہے، مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کے خلاف مکمل چوکس رہا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو ایران امریکا معاہدے پر مبارک باد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ان تھک کاوشوں کو سراہا۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی انتھک کاوشوں سے امن معاہدہ کامیابی سے طے پایا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ ایران امریکا معاہدے کو اگلے مرحلے کو کامیابی سے بڑھانا ناگزیر ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک جامع اقتصادی پیکیج کوحتمی شکل دے کر اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان گفتگو میں اتفاق کیا گیا کہ ضروری ہے ایران امریکا باقی ماندہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں باہمی رابطے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے امن کوششوں کے لیے ولی عہد کی مستقل اور بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بحران کے دوران سعودی عرب کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت پر انھیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت کے باعث امن معاہدہ چند ماہ کے اندر طے پایا۔