امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کے ساتھ بات چیت کا ایک سیشن منعقد کیا جہاں بینکنگ اور مالیاتی سیکٹر میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ارکان نے ممتاز کاروباری شخصیت اور کمیونٹی رہنما ڈاکٹر عابد شیخ کی نیویارک میں واقع رہائش گاہ پر بینک آف پنجاب کے صدر اور مشہور تصنیف ’سیٹ ون سی‘ کے مصنف ظفر مسعود کے ساتھ گفتگو کا ایک سیشن منعقد کیا۔
اس سیشن میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، بزنس لیڈرز، پروفیشنلز اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد شیخ نے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ظفر مسعود کے شاندار کیریئر پر روشنی ڈالی اور ان کی کتاب سیٹ ون سی کو مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت، لیڈر شپ، شکر گزاری اور مقصدِ حیات پر مبنی طاقتور افکار پیش کرنے پر سراہا۔
ڈاکٹر عابد شیخ کا کہنا تھا کہ ظفر مسعود کی تصنیف ایسے قیمتی اسباق فراہم کرتی ہے جو پی آئی اے کی پرواز فلائٹ 8303 کے المناک حادثے کے حالات سے کہیں آگے تک گونجتے ہیں۔
واضح رہے کہ 20 مئی 2020 کو لاہور سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز 8303 کراچی ایئر پورٹ کے پاس رن وے سے چند سو میٹرز کی دوری پر ماڈل کالونی میں ایک بدقسمت حادثے کا شکار ہوئی جس میں ظفر مسعود سمیت صرف دو افراد ہی زندہ بچے تھے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستان کے بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں ظفر مسعود کی خدمات کو سراہا اور انکی جانب سے اپنے ذاتی تجربے کو دوسروں کے لیے سیکھنے کا ذریعہ بنانے کی ان کی صلاحیت کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے اور پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی جانب سے ادا کیے جانے والے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔
ظفر مسعود نے شرکا سے اپنے خطاب میں اپنے پیشہ ورانہ سفر کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، جبکہ سیٹ ون سی کے موضوع پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے مشکلات اور آزمائشوں کے دوران ثابت قدمی کی اہمیت، بامقصد قیادت کے اصولوں، اور ان تجربات پر روشنی ڈالی جو زندگی کے مشکل ترین لمحات سے حاصل ہوتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا ایک سیشن ہوا۔ بعدازاں ظفر مسعود اور کمیونٹی کے ارکان کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہوئی۔