کراچی میں ڈیفنس صبا ایونیو کے قریب تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے باہر ٹینٹ میں گھس گئی، واقعے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی ہے، گاڑی سڑک پر لگی قناعتوں کے اندر گھس گئی ہے، فوٹیج میں گاڑی کو شہریوں سے ٹکراتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈی ایچ اے فیز 6 میں ٹریفک حادثے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق سید مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑی بریک فیل ہونے سے بے قابو ہو کر مجلس میں داخل ہوگئی، جس کی ٹکر سے کچھ لوگ زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے اے آئی جی کو ہدایت کی کہ گاڑی قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے اور واقعے کی مکمل انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔
سید مراد علی شاہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا کی ہے۔