مقبول گانے ’وڈیرے کا بیٹا‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف مزاحیہ فنکار، گلوکار اور کانٹینٹ کری ایٹر علی گل پیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے فادرز ڈے کے موقع پر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ اپنی خوشی شیئر کی اور باپ بننے پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔
علی گل پیر سماجی و سیاسی موضوعات پر مزاحیہ مواد کے باعث پہچانے جاتے ہیں، وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایک بڑی فالوونگ رکھتے ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹر عظیمہ ناخدا سے شادی کی تھی اور یہ جوڑا اپنی ازدواجی زندگی کے مختلف لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتا رہتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں نے رواں سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پہلے بچے کی آمد کا اعلان کیا تھا، اب علی گل پیر نے والد بننے کی خوشخبری فادرز ڈے کے موقع پر انسٹاگرام کے ذریعے شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ اور نومولود بیٹے کے ہمراہ اسپتال میں لی گئی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اس نئے باب کو اپنی زندگی کی بڑی نعمت قرار دیا اور اہلیہ کا شکریہ ادا کیا۔
مذکورہ پوسٹ کے کمنٹس میں مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے لیے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔