• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہراسانی کے الزامات 4 سال بعد کیوں سامنے آئے؟ ارسلان بٹ کا مامیا جعفر سے سوال

—تصاویر سوشل میڈیا
—تصاویر سوشل میڈیا

معروف پاکستانی اداکار ارسلان بٹ نے ساتھی اداکارہ مامیا شاہ جعفر کی جانب سے عائد کیے گئے ہراسانی کے الزامات پر لب کشائی کر دی۔

انہوں نے تفصیلی ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر عائد الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں اور میں اس معاملے پر عدالت سے رجوع کر چکا ہوں۔

خیال رہے کہ یہ تنازع اس وقت سامنے آیا تھا جب مامیا شاہ جعفر نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان بٹ پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے تھے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان بٹ نے اس معاملے پر ردِعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر الزامات واقعی درست ہوتے تو مدعیہ کو فوراً میڈیا اور پولیس سے رجوع کرنا چاہیے تھا، ایسے سنگین الزامات کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جاتی ہے اور میں خود بھی اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ اس طرح کے کسی واقعے کو سختی سے لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر مزید بات اس لیے محدود رکھنا چاہتا ہوں کیونکہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

ارسلان بٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میں نے اس معاملے میں 2 قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں، جن میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں شکایت اور ہتکِ عزت کا مقدمہ شامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے اس سوال کا جواب چاہیے کہ یہ الزامات 4 سال بعد کیوں سامنے آئے اور اگر واقعی کوئی واقعہ پیش آیا تھا تو اس وقت قانونی راستہ کیوں اختیار نہیں کیا گیا؟

اداکار نے یہ بھی کہا کہ یہ الزامات میرے لیے انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں اور میں عدالت میں اپنا مؤقف پیش کروں گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید