پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور اور اسلام آباد میں کراچی جیسا بلدیاتی نظام لانے کے بلاول کے بیان پر تنقید کی ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی جیسے بلدیاتی الیکشن کروانے سے تو بہتر ہے کہ الیکشن نہ ہی کروائے جائیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ کراچی جیسے بلدیاتی نظام کی تفصیل اگر کسی کو چاہیے تو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم یا سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول سے پوچھ لے۔
دوسری جانب خواجہ سعد رفیق کو جواب دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی نظام بہترین اور موثر انداز سے ڈیلیور کر رہا ہے۔
وقار مہدی نے کہا کہ سعد رفیق پیپلز پارٹی سے بہتر بلدیاتی قانون لے آئیں۔ اگر وہ قانون بہتر ہوا تو عوام خود اس کی تعریف کریں گے۔ ن لیگ بلاول کے بلدیاتی الیکشن کے مطالبے سے خوف زدہ ہوگئی ہے۔