• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس جیسا واقعہ کراچی میں ہوتا تو لوگ وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ شروع کر دیتے: شرمیلا فاروقی

شرمیلا فاروقی— فائل فوٹو
شرمیلا فاروقی— فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے ترقی یافتہ شہروں کی مثالیں دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کراچی جیسے مسائل دنیا کے دیگر بڑے شہروں میں بھی پیش آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیکھیں اس وقت فرانس میں کتنی شدید گرمی پڑ رہی ہے، تقریباً 40 افراد نہانے کے لیے گئے اور ڈوب گئے، اتنا بڑا شہر ہونے کے باوجود وہ غیر محفوظ مقامات پر گئے اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، خدا نہ کرے اگر ایسا کوئی واقعہ کراچی میں پیش آتا تو لوگ فوراً وزیراعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ شروع کر دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال میں نیویارک میں تھی، جہاں اتنی شدید بارش ہوئی کہ ہم دو دن تک ہوٹل سے باہر نہیں نکل سکے۔ یہ ایک بڑا اور ترقی یافتہ شہر ہے، جہاں نکاسیٔ آب کا باقاعدہ نظام موجود ہے، اس کے باوجود وہاں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ مسائل ہر جگہ پیش آتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ان کا اعتراف کریں، یہ تسلیم کریں کہ ہمارے ہاں بھی خامیاں موجود ہیں اور یہ بھی مانیں کہ ان میں بہتری کی گنجائش ہے، بلکہ بہتری لانا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل شرمیلا فاروقی نے نجی چینل کے پروگرام میں کراچی کا موازنہ پیرس سے کیا تھا، جس پر انہیں سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قومی خبریں سے مزید