وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نیوی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
پاکستان نیول اکیڈمی میں 125 ویں مڈ شپ مین اور 33 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کراچی میں نیول اکیڈمی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا، تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، معززین اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو دیکھ کر خوشی ہوئی، پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اعزازا ت حاصل کرنے والے کیڈٹس افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، معرکۂ حق میں نیوی کا کردار شاندار رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت میں دوسمت ممالک کا تعاون قابلِ قدر رہا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، افواجِ پاکستان دہشت گردی کو مکمل ناکام بنانے اور اس کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، مڈ شپ مین عمر مختار کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈ شپ مین ہادی عباس خان کو دی گئی۔
آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل دیا گیا، شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔