وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے متعلق اہم اجلاس میں زرعی شعبے میں اصلاحات، وزارت کی تنظیمِ نو اور قومی زرعی پالیسی پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں اصلاحات کی نگرانی کے لیے ایپکس فورم قائم کرنے کی ہدایت دی گئی، یہ فورم ایگریکلچر انوویشن اور گروتھ پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے زرخیزی ای زرعی قرضہ پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان آسان شرائط پر زرعی قرضے حاصل کر سکیں، بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، آبپاشی کے مؤثر نظام اور کھاد کی بروقت فراہمی پر زور دیا گیا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، جدید ویئر ہاؤسنگ اور ذخیرہ سازی کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ فصلوں کا ضیاع کم ہو اور کسانوں کو بہتر منافع مل سکے۔