• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر سے دوست کی لاش ملنے کے بعد بھارتی اداکارہ کا پہلا بیان سامنے آگیا

بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس (کناڈا) کی کنٹسٹنٹ کرشی تھاپنڈا نے چند روز قبل اپنے گھر سے اپنےبزنس میں دوست کی لاش ملنے کے واقعے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا کہ براہ کرم اس حوالے سے قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔

بنگلورو میں واقع اپنے گھر سے لاش ملنے کے بعد 37 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے پہلے اور جذباتی بیان میں کہا کہ کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں اتنے تکلیف دہ واقعے پر عوامی طور پر بیان دینا پڑے گا۔

کناڈا فلموں کی اداکارہ کے مطابق کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایسا کچھ لکھنا پڑے گا۔ میرے پاس نہ تو اتنی ہمت ہے اور نہ ہی ذہنی طاقت کہ میں یہ سب لکھ سکوں یا دنیا کے سامنے رکھ سکوں۔

انھوں نے وضاحت کی کہ ابتدا میں خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن بڑھتی ہوئی قیاس آرائیوں، مجھ سے اور میرے دوستوں سے اور دونوں خاندانوں سے بار بار کیے جانے والے سوالات سے مجھے محسوس ہوا کہ اب حقیقت بیان کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔

کرشی تھاپنڈا نے کہا جو کچھ بھی ہوا، اس کے ساتھ میں نے ایک ایسے شخص کو کھو دیا جو میرے دل کے بے حد قریب تھا۔ وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑا رہا، میری حفاظت کی اور خلوص دل سے میرا خیال رکھا۔ اسے کھونے سے میری زندگی میں ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

اداکارہ نے مشکل وقت میں دوستوں اور خیرخواہوں کی جانب سے ساتھ دینے پر انکا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید لکھا کہ ایک خاندان نے اپنا بیٹا اور کچھ دوستوں نے اپنے دل کے بہت قریب شخص کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہے۔ کچھ لوگ اس غم کے ساتھ ہر لمحہ جینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کسی کے چہرے پر مسکراہٹ نہیں لا سکتے، تو کم از کم اس کے آنسوؤں کی وجہ نہ بنیں۔ انھوں نے ہاتھ جوڑ کر سب سے درخواست کی کہ ویشک کو بعداز مرگ سکون و آرام کرنے دیں اور اس کے خاندان، دوستوں اور چاہنے والوں کو غم منانے کے لیے وقار اور رازداری فراہم کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید