پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے شمالی علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں ندا یاسر نے اپنی بہنوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے پاکستان کے شمالی علاقوں کا رخ کیا، بعد ازاں اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وہاں کچرے اور آلودگی کی صورتِ حال کو افسوس ناک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات اللّٰہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں لیکن افسوس کہ بعض مقامات پر صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا۔
اداکارہ کے مطابق پہاڑی راستوں اور سیاحتی مقامات پر پلاسٹک کی بوتلیں، چپس کے پیکٹ، ریپرز اور دیگر کچرا بکھرا ہوا دیکھا گیا، جبکہ مری میں بھی یہی صورتِ حال نظر آئی۔
ندا یاسر نے کہا ہے کہ مجھے مختلف مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکتے ہوئے لوگ نظر آئے، حتیٰ کہ کھانے پینے کے بعد بچا ہوا کھانا بھی کھلے عام پھینک دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے متعدد جگہوں پر کوڑے دان کی عدم موجودگی بھی محسوس کی اور یہ صورتِ حال انتہائی افسوس ناک تھی۔
ندا یاسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاحتی مقامات کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ان قدرتی حسن سے بھرپور علاقوں کو محفوظ اور صاف رکھا جا سکے۔