امریکی پاپ سپر اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور فٹبال کھلاڑی ٹریوس کیلسی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ سے وابستہ پبلسسٹ ٹری پین نے تصدیق کی ہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی جمعے کے روز نیویارک میں ہوئی، اسی دوران میڈیسن اسکوائر گارڈن پر ’جسٹ اینڈ ٹی میریڈ‘ (JUST & T MARRIED) کے الفاظ بھی روشن کیے گئے، جو مبینہ طور پر ٹیلر اور ٹریوس کے ناموں کی طرف اشارہ تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقدہ اس شاندار تقریب میں ہالی ووڈ کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روزہ تقریبات کا آغاز جمعرات کو ایک نسبتاً محدود تقریب سے ہوا، جس میں تقریباً 100 مہمانوں نے شرکت کی جبکہ جمعے کے روز بڑی تعداد میں مداح میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر جمع رہے۔
رپورٹ کے مطابق شدید گرمی کے باوجود جمعے کو ہونے والی مرکزی تقریب کے دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے اور نیویارک پولیس نے دوپہر سے ہی اطراف کی سڑکیں مکمل طور پر بند کر دیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگرچہ مہمانوں کی آمد کو پردوں اور خیموں کے ذریعے نجی رکھنے کی کوشش کی گئی، تاہم متعدد معروف شخصیات کو ہوٹلوں سے روانہ ہوتے اور تقریب میں پہنچتے ہوئے دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2 روزہ تقریبات کو بعض مبصرین نے ’صدی کی شادی‘ قرار دیا، جبکہ اسے عالمی سطح پر غیر معمولی توجہ حاصل ہوئی، جو عموماً شاہی شادیوں کو حاصل ہوتی ہے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریبات پر کروڑوں ڈالرز خرچ کیے گئے اور تقریب سے قبل دونوں نے 20 سے زائد فلاحی اداروں کو مجموعی طور پر 26 ملین ڈالرز عطیہ کیے۔