بھارتی شہر ممبئی میں بہن کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے چند منٹ بعد 35 سالہ شخص نے عدالت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت ناگیش بابو لاڈ کے نام سے ہوئی ہے جسے 2019ء میں اپنی بہن کے قتل اور بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔
مجرم کی خودکشی کا واقعہ گزشتہ روز دوپہر بیلاپور کی عدالت میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سزا سنائے جانے کے بعد عدالتی کارروائی مکمل کی جا رہی تھی کہ ملزم اچانک کمرہ عدالت سے باہر نکلا اور عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر ہی اس کی موت کی تصدیق کردی۔
عدالت نے ملزم کو اپنی بہن سنیتا کے قتل کے جرم میں عمر قید جبکہ بیوی کو قتل کرنے کی کوشش پر 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے اس کے بہنوئی جرمن جیت سنگھ کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، اسی تنازع پر 17 جولائی 2019ء کی علی الصبح اس نے اپنے سسرال کی چھت پر بیوی پر چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہو گیا۔
بعد ازاں ملزم اپنی بہن سنیتا کے گھر پہنچا، جہاں اس کی بہن نے معاملہ سلجھانے اور بھابھی کی مدد کرنے کی کوشش کی تاہم ملزم نے اس پر بھی چاقو سے متعدد وار کیے، سینے پر گہرے زخموں کے باعث سنیتا شدید خون بہنے اور صدمے سے دم توڑ گئی۔