بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع ترن تارن میں گھریلو تنازع ایک المناک واقعے میں تبدیل ہوگیا، جہاں اپنی ناراض بیوی کو واپس لانے کے لیے سسرال جانے والے شخص کو اسکی بیوی کے بھائی نے ہی آگ لگا کر قتل کردیا۔ متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش میں ایک خاتون بھی جھلس کر ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت لووپریت سنگھ اور گرجیت کور کے نام سے ہوئی ہے۔ لووپریت سنگھ 13 جون کو اپنی اہلیہ سندیپ کور کو منانے اور گھر واپس لانے کے لیے اپنے سسرال گیا تھا۔
گھریلو اختلافات کے بعد سندیپ کور اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر تھی۔ الزام ہے کہ ملاقات کے دوران لووپریت کے برادر نسبتی سجن سنگھ نے اس پر آتش گیر مادہ چھڑک کر آگ لگا دی۔
اسی دوران سجن سنگھ کی بھابھی گرجیت کور لووپریت کو بچانے کے لیے آگے بڑھی، تاہم وہ بھی شعلوں کی لپیٹ میں آکر شدید جھلس گئی۔ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
واقعے میں ملزم سجن سنگھ بھی جھلس گیا، جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم سجن سنگھ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔