کراچی (جنگ نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ (ڈمی) نے کہا ہے کہ سیاست سوتیلی ماں جیسی ہے جو کھانے کو کچھ بھی نہ دے مگر الزام ضرور دیتی ہے۔ وہ ”جیونیوز“ کے پروگرام ”خبرناک“ میں گفتگو کررہے تھے۔ سیاسی نوک جھوک اور مزاح سے بھر پور شو میں اس بار معروف آرٹسٹ میر محمد علی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا روپ اپنا کر آئے اور مختلف موضوعات پر کھری کھری باتیں کیں۔ شو کی میزبان عائشہ جہانزیب نے استفسارکیا کہ ( ن) لیگ والے کبھی آپ کے پاؤں اور کبھی گلے پڑتے ہیں، اصل ماجرا کیا ہے؟۔خورشید شاہ (ڈمی) نے اس بات کا جس انداز میں جواب دیا وہ ناظرین کو پروگرام دیکھنے کے بعد معلوم ہوگا۔ ماڈل ایان علی (ڈمی) اور اداکارہ میرا (ڈمی) کی ”خبرناک “کے ریمپ پر اکٹھے کی گئی کیٹ واک سے بھی شائقین محظوظ ہوں گے۔ اداکارہ ”میرا “ (ڈمی) نے موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ڈمی میوزیم کے شاہ جی سے یہ مطالبہ بھی کردیا کہ مجھے اپنے اسپتال کیلئے بجلی کے اعزازی یونٹ اور بل سے استثنیٰ دیا جائے۔ نمبر جینئس نعیم سیالکوٹی اور ساجد بھائی کا چیلنج بھی شو کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ موسیقی سے دلچسپی رکھنے والے دلفریب نغمہ ”تیرے بھیگے بدن کی خوشبو سے، لہریں بھی ہوئیں مستانی سی “ سے لطف اندوز ہوں گے۔ طنز و مزاح سے بھر پور شو جمعرات کی شب 11 بجکر5منٹ پر دکھایا جائے گا۔