بھارتی اداکار اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی نے فلم ہیرا پھیری 3 کے حقوق کے تنازع پر سخت قانونی انتباہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کے تمام حقوق صرف اسی کے پاس ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی نے فلمی جریدے میں ایک عوامی نوٹس شائع کیا، جس میں فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ فلم کے حقوق کا دعویٰ کرنے والے کسی بھی تیسرے فریق کے ساتھ کمپنی کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کوئی معاہدہ نہ کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی ہی ہیرا پھیری 3 کی تیاری، تقسیم، مارکیٹنگ، تجارتی استعمال اور دیگر تمام عالمی حقوق کی واحد اور خصوصی مالک ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ جو بھی شخص یا ادارہ اس نوٹس کے بر خلاف کسی تیسرے فریق کے ساتھ لین دین یا معاہدہ کرے گا، وہ یہ کام اپنے ذاتی خطرے پر کرے گا، جبکہ کمپنی اپنے تمام قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہے۔
یہ عوامی نوٹس فلم انڈسٹری کے ڈسٹری بیوٹرز، سنیما مالکان، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، ٹی وی براڈ کاسٹرز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اشتہاری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے نام جاری کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیرا پھیری 3 کے حقوق کا تنازع کافی عرصے سے جاری ہے، جس میں فلم کے پروڈیوسر اور دیگر فریقین بھی فرنچائز کی ملکیت سے متعلق دعوے کر رہے ہیں۔