مشہور بھارتی کامیڈی فلم سیریز ’ہیرا پھیری‘ کی تیسری فلم ہیرا پھیری تھری کی عکس بندی کا آغاز ہوگیا ہے، جس سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ اکشے کمار، پاریش راول اور سنیل شیٹی ایک مرتبہ اپنے مشہور کرداروں میں نظر آئیں گے۔
ہیرا پھیری کے مداح کافی عرصے سے تیسرے حصے کی اپڈیٹ کا انتظار کر رہے تھے اور رواں سال جب یہ تصدیق ہوئی کہ ہدایتکار پریا درشن اس فرنچائز کی واپسی کرنے جا رہے ہیں، تو جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ فلم کے پہلے سین کی شوٹنگ ایک روز قبل مکمل کی گئی ہے، جس میں تینوں اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پاریش راول شامل تھے۔
بھارتی اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’جی ہاں، یہ بالکل سچ ہے۔ اکشے، سنیل اور پاریش نے کل اپنے پہلے سین کی شوٹنگ کی، جہاں وہ ایک بار پھر اپنے مشہور کرداروں میں نظر آئیں گے۔‘
’ہیرا پھیری 3‘ کے حوالے سے چہ مگوئیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب اکشے کمار نے ہندستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ 2024 کے دوران اس کی تصدیق کی۔ اس اعلان کے بعد مداحوں نے خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
ہدایتکار پریا درشن نے فلم کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ فلم بنانا آسان نہیں ہوگا، کیونکہ لوگوں کی بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ کردار بھی اب بڑے ہو چکے ہیں اور اس کے مطابق کہانی میں حقیقت پسندی ضروری ہوگی۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے، دیکھتے ہیں کہ کیسا چلتا ہے۔‘