• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشو بیگم کا بزرگ والدین کو جائیداد سے متعلق مشورہ

نشو بیگم— فائل فوٹو
نشو بیگم— فائل فوٹو

پاکستانی فلموں کی سینئر اداکارہ نشو بیگم نے بزرگ والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام منتقل نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے بعض اوقات والدین کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نشو نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران بڑھاپے، صحت اور مالی تحفظ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بڑھاپے میں انسان کو سب سے زیادہ اپنی صحت اور دولت کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ اگر یہ دونوں چیزیں نہ ہوں تو بعض لوگ آپ کی قدر کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

نشو نے کہا کہ میں سب سے یہی کہوں گی کہ بڑھاپے میں اپنی صحت اور اپنی دولت کا خیال رکھیں، ورنہ آپ کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے، ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا، لیکن کچھ لوگ ضرور ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنی زندگی میں جائیداد بچوں کے نام نہیں کرنی چاہیے۔

اداکارہ کے بقول میں صاف صاف کہتی ہوں کہ کبھی بھی اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام نہ کریں، آپ کے انتقال کے بعد وہ ویسے بھی ان تک پہنچ جائے گی، لیکن اگر آپ زندگی میں ہی سب کچھ ان کے حوالے کر دیں گے تو پھر آپ کی قدر کم ہو جائے گی۔

نشو نے کہا کہ اگر بزرگ والدین کے پاس مالی وسائل موجود ہوں تو ان کی دیکھ بھال بھی بہتر انداز میں کی جاتی ہے، حتیٰ کہ ان کی دوائیں بھی وقت پر لائی جاتی ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں مالی طور پر کمزور بزرگوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

اداکارہ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ انسان کو دنیا کی نہیں بلکہ اللّٰہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس ہونا چاہیے اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید