یاسر نواز کے بیٹے بالاج نے اپنے والد کے دلچسپ مارننگ روٹین کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مصروفیات کے باوجود وہ روزانہ مجھے اسکول کے لیے خود جگاتے ہیں۔
اپنی والدہ ندا یاسر کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے بالاج نے بتایا کہ والد ہر صبح مجھے اسکول کے لیے اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یاسر نواز کا انداز منفرد ہے، وہ پہلے کمرے کی کھڑکی کھولتے ہیں اور پھر صوفے پر جا کر بیٹھ جاتے ہیں۔
جب بالاج سے پوچھا گیا کہ یاسر نواز انہیں کتنی بار اسکول چھوڑنے جاتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ مہینے میں ایک یا دو مرتبہ مجھے اسکول چھوڑنے جاتے ہیں۔
بالاج نے مزید کہا کہ اس مہینے تو والد مجھے ایک بار بھی اسکول چھوڑنے نہیں گئے، جس پر شو میں موجود افراد ہنس پڑے۔
اس پر ندا یاسر نے انہیں یاد دلایا کہ اس وقت گرمیوں کی تعطیلات جاری ہیں اور اسکول بند ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر نواز اور ندا یاسر کا شمار پاکستان کی معروف شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں نے 2002ء میں شادی کی تھی اور ان کے 3 بچے، فرید، صلہ اور بالاج ہیں، جبکہ ندا یاسر مارننگ شو کی میزبانی اور یاسر نواز اداکاری، ہدایت کاری اور پروڈکشن کے شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔