اردن میں خطروں کے سائرن بجا دیے گئے، ایران سے آنے والے 8 میزائلوں کو مار گرایا گیا، کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
اردن حکومت کے ترجمان ڈاکٹر محمد حسین المومنی نے کہا ہے کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کے اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد ملک بھر میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔
ان کے مطابق میزائلوں کو بروقت روک کر ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اردن کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اور مملکت کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں تاکہ ملکی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر المومنی نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری ہدایات اور معلومات فراہم کریں گے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری معلومات پر اعتماد اور متعلقہ ہدایات پر عمل کریں۔ عوام سے جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے۔