• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابقہ اہلیہ سے ملاقات، سہیل خان کا غلطی کا اعتراف، طلاق کی ذمہ داری خود لے لی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

طلاق کے 4 سال بعد بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے بھائی فلم ساز و اداکار سہیل خان نے ٹیلی ویژن پر اپنی سابقہ اہلیہ سے معافی مانگ لی اور شادی ٹوٹنے کی تمام تر ذمہ داری اپنے سر لے لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ رفاقت ختم ہونے کے بعد پہلی بار دونوں کے درمیان عوامی سطح پر جذباتی جملوں کا تبادلہ ہوا، جس نے مداحوں کو حیرت زدہ کر دیا۔

شوبز انڈسٹری کے معروف جوڑے سہیل خان اور سیما سجدیہہ نے سال 2022 میں اپنی 24 سالہ شادی کا باقاعدہ خاتمہ کر دیا تھا، تاہم دونوں اپنے بیٹوں (نروان اور یوہان) کی خاطر خوشگوار تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں ایک شو کے دوران دونوں کا اچانک آمنا سامنا ہوا، جہاں میزبان کنال کھیمو کے سوال پر سہیل خان نے سب کو حیران کردیا۔

سہیل خان نے مسکراتے ہوئے اپنی سابقہ اہلیہ کی طرف دیکھا اور کہا، ’میں نے اس خوبصورت خاتون کے ساتھ اپنی زندگی کے 25 سال گزارے اور آج میں نیشنل ٹیلی ویژن پر کھلے عام یہ اعتراف کرتا ہوں کہ اگر ہمارے درمیان کوئی بھی غلطی ہوئی ہے، تو میں اس کی پوری ذمہ داری اپنے سر لیتا ہوں۔‘

سہیل خان کے اس جملے پر سیما جذباتی ہوگئیں جبکہ وہاں موجود دیگر شوبز ستاروں نے تالیاں بجا کر سہیل خان کے ظرف کو سراہا۔

دوسری جانب سیما نے رئیلٹی شو ’فیبولس لائفز ورسز بالی ووڈ وائفز‘ میں انکشاف کیا کہ وہ اب ماضی کو بھلا کر زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں اور انہوں نے اپنے سابق منگیتر وکرم آہوجا کے ساتھ دوبارہ رشتہ استوار کر لیا۔

شو کے دوران سیما نے اپنے بڑے بیٹے نروان سے پوچھا، ’کیا تمہیں میرے زندگی میں آگے بڑھنے پر کوئی اعتراض یا غصہ ہے؟‘ جس پر ان کے بیٹے نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی والدہ کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید