• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل خان نے سیما سجدیہہ سے طلاق پر خاموشی توڑ دی

سیما سجدیہہ اور سہیل خان—فائل فوٹو
سیما سجدیہہ اور سہیل خان—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار سہیل خان نے بچوں پر ازدواجی تنازعات کے اثرات کا انکشاف کیا ہے جو سیما سجدیہہ سے ان کی طلاق کا باعث بنے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سالوں کی قیاس آرائیوں کے بعد بالی ووڈ اداکار سہیل خان نے آخر کار سیما سجدیہہ سے اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی اور 24 سالہ شادی کے بعد علیحدگی کے فیصلے پر دلی جذبات کا اظہار کیا ہے۔

ایک انٹرویو میں اداکار نے انکشاف کیا کہ مسلسل تنازعات ہماری علیحدگی کی ایک اہم وجہ تھے، میں نے سیما کے ساتھ 24 سال گزارے ہیں، وہ ایک خوبصورت لڑکی ہے اور کہیں نہ کہیں کچھ چیزیں ٹھیک نہیں چلیں لیکن اس سے سیما اور میرے درمیان جو تعلق ہے وہ نہیں بدلتا۔

انہوں نے کہا کہ سیما ایک پیاری شخصیت اور بہت خیال رکھنے والی ماں ہیں، یہ ہمیشہ طے ہوتا ہے کہ سال میں ایک بار ایک خاندان کے طور پر ہم اپنے بچوں کو چھٹیوں پر باہر لے جاتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے ہیں، ہم صرف انفرادی والدین کے طور پر ہوتے ہیں اور ایک بہترین وقت گزارتے ہیں۔

فلم میں نے دل تجھ کو دیا کے اداکار نے اس بارے میں بھی بات کی کہ ان کا فیصلہ بڑی حد تک اپنے بچوں نروان اور یوہان کی فکر کی وجہ سے تھا۔

سہیل خان نے کہا کہ جب میاں بیوی لڑنا شروع کر دیتے ہیں تو اس کا اثر صرف بچوں پر پڑتا ہے، میاں بیوی کی انا کی وجہ سے انہیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ اس کا اثر بچوں پر پڑتا ہے اور پھر بچے پریشان ہونے لگتے ہیں، اس طرح وہ میاں بیوی اگلی نسل کو خراب کر رہے اور بگاڑ رہے ہوتے ہیں اور پھر وہ بچے بڑے ہو کر پریشان حال انسان بنتے ہیں، یہی وہ چیز تھی جس پر میں نے اور سیما نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

سہیل خان اور سیما سجدیہہ نے 1998ء میں محبت کی شادی کی تھی، اس جوڑے کی ملاقات سہیل کی فلم پیار کیا تو ڈرنا کیا کی عکس بندی کے دوران ہوئی تھی، مذہبی اور خاندانی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے دونوں روایات کا احترام کرنے کے لیے پہلے آریہ سماج کے مطابق شادی کی، جس کے بعد نکاح اور کورٹ میرج بھی کی۔

سہیل اور سیما نے 2022ء میں باضابطہ طور پر طلاق لے لی، جس سے دو دہائیوں پر محیط شادی کا خاتمہ ہو گیا۔

اگرچہ سیما نے پہلے نیٹ فلکس کے شو پر اس علیحدگی کے بارے میں بات کی تھی تاہم یہ اس معاملے پر سہیل خان کا پہلا بیان ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید