بہاولپور،لیہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ جنگ) لیہ اوربہاولپورسے مردہ جانوروں کا 60من گوشت برآمد کر لیا گیا،چھاپوں کے دوران قصاب غلام شبیر اورمحمداقبال کا بیٹا گرفتار،3فرار، مقدمات درج کر لئے گئے، سپرنٹنڈنٹ سلاٹرہائوس بہاول پورڈاکٹر آصف نویداعوان اور ڈاکٹرارشدحسین ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیوسٹاک بہاول پورنے کارروائی کرتے ہوئے میلے والی گلی محلہ قصائیاں میں مخبری پر قصائی محمداقبال کے گھرچھاپہ مارکر 2فریزرز میں مردہ جانوروں کا5من گوشت برآمد کرلیا ،قصاب موقع سے فرار ہوگیا جبکہ اس کے بیٹے کوگرفتارکرلیا، پولیس تھانہ بغدادالجدید نے مقدمہ درج کرلیا، سپرنٹنڈنٹ سلاٹرہائوس بہاول پورڈاکٹر آصف نویداعوان نے بتایا کہ برآمدشدہ گوشت ناقص‘بدبودار‘مضرصحت تھااورگوشت میں سے چوڑے مار بیماری کی علامات واضح پائی گئی ہیں ،جس کی وجہ سے جانورکی موت واقع ہوئی،مزید ازاں ای ڈی او زراعت لیہ ظفراللہ سندھو،ڈی ایل او ڈاکٹر محمد طارق کی سربراہی میں محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ نے محلہ قادر میں رہنے والے قصاب غلام شبیر ولد محمد حنیف کے گھر چھاپہ مار کر مضر صحت،مردہ جانوروں کا 55من سے زائد گوشت برآمد کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ،محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ نے مضر صحت مردہ جانوروں کے 55من سے زائد گوشت کے سیمپل لیکر لیبارٹری معائنہ کیلئے بھجوا دیئے، جبکہ باقی گوشت کو تلف کر کے غلام شبیر اور اس کے دیگر دو اور ساتھیوں کے خلاف تھانہ سٹی میں ایف آئی درج کرادی،غلام شبیر پولیس کی حراست میں جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار ہو گئے۔