پاکستانی معروف اداکار، فیشن ڈیزائنر اور کاروباری شخصیت یوسف بشیر قریشی المعروف وائی بی کیو نے کہا ہے کہ کئی برسوں پر محیط شادی شدہ زندگی کے بعد رشتوں کے ٹوٹنے کی بڑی وجہ انا ہوتی ہے۔
یوسف بشیر قریشی اپنی تخلیقی صلاحیتوں، منفرد سوچ اور پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران زندگی کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران اداکار نے ان شادیوں پر بھی اپنی رائے دی جو کئی برس ساتھ گزارنے کے باوجود طلاق پر ختم ہو جاتی ہیں۔
حالیہ عرصے میں کئی معروف جوڑوں کی علیحدگی سامنے آئی ہے، اداکار وسیم عباس نے بھی حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اور اداکارہ صبا حمید نے تقریباً 29 برس کی ازدواجی زندگی کے بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کی۔
یوسف بشیر قریشی کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد بھی اگر کوئی شادی ٹوٹتی ہے تو اس کی بنیادی وجہ انا ہوتی ہے۔
ان کے مطابق جب انا رشتوں پر حاوی ہو جائے اور فریقین میں سے کوئی ایک دوسرے کے ساتھ سمجھوتہ کرنے پر آمادہ نہ رہے تو تعلق برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی رشتہ اسی وقت تک قائم رہتا ہے جب تک دونوں افراد اسے نبھانے اور برقرار رکھنے کی خواہش رکھتے ہوں۔