• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندا یاسر کو بچوں کو اکیلے سفر پر بھیجنے کا بیان مہنگا پڑ گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں صرف جائیداد، گھر، زیورات اور دیگر مادی چیزوں پر سرمایہ لگانے کے بجائے بچوں کے ساتھ یادگار تجربات بھی بنانے چاہئیں اور اپنے بچوں کو اکیلے سفر پر بھیجنا چاہیے تاکہ وہ خود مختار بن سکیں۔

بچوں کے اکیلے سفر سے متعلق دیے گئے مشورے پر میزبان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حال ہی میں نشر ہونے والے ایک پروگرام میں ندا یاسر نے والدین کو بچوں کے اکیلے سفر کے حوالے سے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے بچے ایسے ہیں جو سڑک تک خود پار نہیں کر سکتے کیونکہ والدین نے انہیں حد سے زیادہ تحفظ دیا ہوتا ہے، اس لیے وہ اپنے طور پر کچھ نہیں کر پاتے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بچہ اعتماد کے ساتھ سڑک بھی پار نہیں کر سکتا تو وہ اپنی زندگی خودمختاری کے ساتھ کیسے گزارے گا؟

اداکارہ نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اکیلے سفر کرنے کی حوصلہ افزائی کریں، کیونکہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ نہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اس لیے تعلیم دلواتے ہیں تاکہ وہ خودمختار بن سکیں، انہیں تخلیقی صلاحیتیں سکھائیں، اکیلے سفر کرنے دیں بھلے انہیں صرف کراچی سے لاہور تک تنہا جانے کی اجازت دیں۔

ندا یاسر نے کہا ہے کہ بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ بچوں کو اکیلے نہ بھیجیں، لیکن اگر آپ انہیں کبھی خود کچھ کرنے کا موقع ہی نہیں دیں گے تو وہ خود مختار کیسے بنیں گے؟

ندا یاسر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید سامنے آئی ہے، متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے خیالات موجودہ صورتِ حال سے مطابقت نہیں رکھتے، یہاں بچے محفوظ نہیں ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید