لاہور کی مقامی عدالت نے غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے میں گرفتار تین ملزمان کا مزید 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔
لاہور کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے ملزمان کا میڈیکل مکمل ہو چکا ہے، بس ریکوری باقی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ ملزمان سے کس چیز کی ریکوری کرنا باقی ہے، تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ملزمان سے سونے کی انگوٹھی اور گھڑی برآمد کرنی ہے۔
ملزمان رضوان، ناصر اور نواز کو ماسک لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے۔