رکنِ پنجاب اسمبلی، پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسر اور فیملی وی لاگر رجب بٹ کے بعد ان کی والدہ کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
رجب بٹ پاکستان میں بڑے سوشل میڈیا فالوونگ رکھنے والے یوٹیوبرز میں شامل ہیں، ان کے یوٹیوب پر تقریباً 90 لاکھ سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر 29 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔
رکنِ پنجاب اسمبلی حنا بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر یوٹیوبر کے وی لاگ کا مختصر ویڈیو کلپ ری شیئر کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
مذکورہ ویڈیو رجب بٹ کے وی لاگ کا حصہ ہے، اس میں یوٹیوبر کی والدہ کو ایک پرینک کے دوران بے ہوش ہونے کی اداکاری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، واقعہ ختم ہونے کے بعد وہ ہنستے ہوئے اٹھ جاتی ہیں اور واضح کرتی ہیں کہ یہ منظر پہلے سے طے شدہ تھا۔
ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ان ڈراموں کے ہی ان کو پیسے ملتے ہیں، 8، 8 سال کے بچے بھی انہیں دیکھ کر خراب ہو رہے ہیں، اس خاندان نے معاشرے میں کبھی کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا۔
ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فوری ردِعمل سامنے آیا ہے، کچھ صارفین نے حنا بٹ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ بس انہیں بلاک کریں اور نظر انداز کریں، یہی کافی ہے، ایک اور صارف نے کہا کہ براہِ کرم ان پر پابندی لگائیں جبکہ ایک تیسرے صارف نے صورتِ حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بدقسمتی سے لوگ انہیں دیکھتے ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ حنا پرویز بٹ نے یوٹیوبر اور ان کے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔
اس سے قبل بھی انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے فالوورز بچوں کی اقدار اور تربیت کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔