بالی ووڈ کے معروف اداکار آر مادھون نے بلاک بسٹر فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے تامل ریمیک میں کام کرنے سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔
آر مادھون نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے اپنی بلاک بسٹر فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے تامل ریمیک میں کام نہ کرنے کی وجہ پوچھی گئی۔
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے ایک ہی کردار کو دوسری بار ادا کرنا بہت مشکل تھا اور ریمیک کا موازنہ ہمیشہ اصل فلم سے کیا جاتا ہے تو میں نے فلم ’3 ایڈیٹس‘ میں اپنے کردار فرحان سے جو بھی نام کمایا ہے وہ بھی مٹ سکتا تھا۔
اداکار نے مزید انکشاف کیا کہ مجھے فلم ساز شنکر کے ریمیک بنانے کے نقطۂ نظر پر بھی کچھ خدشات تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میری اپنے فلمی کردار فرحان سےگہری ذاتی وابستگی ہے اس لیے میں اس کے اثرات کو برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔
آر مادھون نے بتایا کہ میں پراجیکٹس کا انتخاب کرتے ہوئے ان کا باغور جائزہ لیتا ہوں اور اس بات پر پوری توجہ دیتا ہوں کہ فلم ساز میرے ساتھ کام کرنے پر راضی ہونے سے پہلے اپنے ویژن کو کس طرح بیان کرتے ہیں۔