بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اداکار نصیرالدین شاہ کی برسوں پرانی وائرل ویڈیو دوبارہ منظرِ عام پر آنے کے بعد اپنا ردِعمل دے دیا۔
حالیہ دنوں انوپم کھیر ایودھیا میں رام مندر سے متعلق اپنے بیانات کے باعث خبروں میں رہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نصیرالدین شاہ کی ایک پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے لگی، جس میں انہوں نے انوپم کھیر کو مسخرہ قرار دیا تھا۔
اس وائرل ویڈیو میں نصیرالدین شاہ نے کہا تھا کہ انوپم کھیر کے بیانات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ایک مسخرے ہیں، جبکہ انہوں نے انوپم کھیر کی شخصیت پر بھی تنقید کی تھی۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے انوپم کھیر نے کہا کہ چند روز قبل میں نے ایودھیا میں رام مندر کا دورہ کیا تھا اور وہاں اپنے جذبات کا اظہار کیا، تاہم بعض افراد کو میری باتیں پسند نہیں آئیں کیونکہ وہ میرے بیانیے سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔
انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ مجھے نشانہ بنانے اور ٹرول کرنے کے لیے ایک مہم چلائی گئی اور جب مخالفین کے پاس مزید کچھ نہ بچا تو انہوں نے 6 سال پرانی نصیرالدین شاہ کی ویڈیو دوبارہ وائرل کر دی تاکہ میری ساکھ متاثر کی جا سکے۔
اداکار نے واضح کیا کہ حقیقت میں میرے اور نصیرالدین شاہ کے درمیان باہمی احترام کا رشتہ ہے اور دونوں متعدد مواقع پر ایک دوسرے سے مل چکے اور گلے بھی ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی کامیابی، اپنی محنت اور اقدار کو خدا کے فضل کا نتیجہ سمجھتا ہوں اور تنقید یا ٹرولنگ سے خوفزدہ نہیں ہوتا۔
انوپم کھیر نے کہا کہ میں سچ کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور مجھے یقین ہے کہ سچ ہمیشہ جیتتا ہے۔
انہوں نے اپنے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر گالیاں قبول نہ کی جائیں تو وہ واپس کہنے والے ہی کی طرف لوٹ جاتی ہیں۔