• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پِٹ بل کے لندن کنسرٹ میں 22 ہزار سے زائد مداح گنجے بن گئے، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

امریکی ریپر پِٹ بل نے لندن میں ہونے والے اپنے ہاؤس فل کنسرٹ کے دوران ایک منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران 22 ہزار 141 مداحوں نے پِٹ بل کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گنجے نظر آنے والی مصنوعی ٹوپیاں (Bald Caps) پہنیں، جس کے بعد ایک ہی مقام پر بالڈ کیپس پہننے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہو گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج ول منفورڈ نے اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔

گزشتہ چند برسوں سے پِٹ بل کے مداح ان کے مخصوص انداز کی نقل کرتے ہوئے بالڈ کیپ، سیاہ چشمہ اور سوٹ پہن کر کنسرٹس میں شرکت کرتے ہیں، اس منفرد روایت کے باعث مداح خود کو Bald Es بھی کہنے لگے ہیں۔

پِٹ بل نے اس سے قبل خواہش ظاہر کی تھی کہ اس منفرد رجحان کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔

اس تاریخی کنسرٹ میں تقریباً 70 ہزار افراد نے شرکت کی، جو بی ایس ٹی ہائیڈ پارک فیسٹیول کی تاریخ کا سب سے زیادہ حاضرین والا کنسرٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

دنیا بھر کے مداحوں نے بھی پِٹ بل کے سرکاری یوٹیوب چینل پر 3 گھنٹے طویل لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اس یادگار لمحے کو دیکھا۔

کنسرٹ کے دوران پِٹ بل نے اپنے مقبول گانے پیش کیے، جبکہ ان کے ساتھ معروف گلوکار لِل جون اور کیشا نے بھی خصوصی شرکت کی۔

پِٹ بل نے برطانوی مداحوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بینڈ اویسس کا مشہور گانا بھی گایا، جبکہ شو کا اختتام شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ہوا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید