• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریتک روشن کی سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کی حمایت، طلبہ کیلئے انصاف کا مطالبہ

بالی ووڈ کے سینئر اور معروف ادکارہ ریتک روشن نے لداخ کے رہنما سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے طلبہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ 

سونم وانگچک کی جانب سے امتحانات میں بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک ہونے کے خلاف جاری بھوک ہڑتال مسلسل خبروں میں ہے۔ اب فلمی دنیا سے بھی ان کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ متعدد بالی ووڈ شخصیات کے بعد ریتک روشن نے بھی وانگچک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو انصاف ملنا چاہیے۔

ہفتے کو دہلی پولیس نے سونم وانگچک کو زبردستی صفدر جنگ اسپتال منتقل کر دیا۔ 

ریتک نے انسٹاگرام اسٹوریز پر سونم وانگچک کے ایک بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا، جس میں وانگچک نے امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے پر خاموشی پر سوال اٹھایا تھا۔ 

ریتک روشن نے اداکارہ لیزا رے کی جانب سے شیئر کی گئی وانگچک کی ایک ریل کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس ریل میں وانگچک نے کہا تم آخر کب جاگو گے؟ 20  نوجوان اپنی جان دے چکے۔ انہوں نے پوری زندگی محنت سے ان امتحانات کی تیاری کی اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ امتحانات دھاندلی کا شکار ہو گئے۔ 

وانگچک نے کہا کہ اس کا مطلب ہے یہ صرف ان نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے لیے ہی نہیں، تمہارے لیے بھی بہت بڑا معاملہ ہے، کیونکہ کل جو ڈاکٹر تمہارا اور تمہارے بچوں کا علاج کریں گے، وہ نقل یا دھوکے سے ڈاکٹر بنے جس کے وہ اہل ہی نہیں تھے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ یہی حال انجینئروں کا بھی ہوگا۔ وہ ایسی عمارتیں تعمیر کریں گے جن کے ملبے تلے کل تمہاری آئندہ نسلیں دب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ اگر آج جب میں آواز اٹھا رہا ہوں، تم اپنی آواز بلند نہیں کرو گے، تو پھر شاید تمہاری تقدیر یہی ہوگی کہ تم جانوروں کی طرح مرتے رہو۔

ہریتک روشن نے اس ریل پر ردعمل میں کہا کہ وانگچک کی باتوں نے ان کے دل کو چھو لیا اور انہوں نے اس پیغام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بات بالکل درست ہے۔ جب میں نے اپنی ایک فلم میں استاد کا کردار ادا کیا تھا، تب مجھے اندازہ ہوا کہ طلبہ کن ذہنی اور جذباتی مشکلات سے گزرتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید