دہلی کے جنتر منتر پر نیٹ (NEET) امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے سونم وانگچُک کی بھوک ہڑتال کو 19 دن گزر چکے ہیں۔ اس نازک صورتحال پر بالی ووڈ شخصیات نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ سوناکشی سنہا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ’مجھ سے اب خاموش نہیں رہا جا رہا۔ یہ شخص اکیلا ملک کے بچوں کے مستقبل کے لیے لڑ رہا ہے لیکن کوئی اس کی طرف مڑ کر بھی نہیں دیکھ رہا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’میں حکومت سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ آخر کب تک؟ کیا آپ تب جاگیں گے جب یہ شخص مر جائے گا؟ تب اس کی ذمہ داری کس پر ہوگی؟
سوناکشی نے حق کے لیے آواز اٹھانے والے نوجوانوں کی تعریف بھی کی۔
دوسری جانب کامیڈین سمے رائنا نے بھی سوشل میڈیا سونم وانگچُک کی تصویر شیئر کی اور لکھا، ’میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ وہ خیریت سے ہوں اور یہ معاملہ جلد از جلد مذاکرات کے ذریعے ختم ہو۔‘
سوناکشی اور سمے کے علاوہ زینت امان، ابھے دیول، نصیر الدین شاہ، شبانہ اعظمی اور سوارا بھاسکر سمیت کئی دیگر فلمی شخصیات نے بھی سونم وانگچُک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ 19 روز سے کچھ نہ کھانے کی وجہ سے سونم وانگ چُک کا وزن اور عضلات تیزی سے کم ہو رہے ہیں، لیکن وہ مذاکرات کے بغیر بھوک ہڑتال ختم کرنے پر تیار نہیں ہیں۔