• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان شاہد نے مجاجن میں گھنگرو پہننے سے پہلے انکار کیوں کیا؟ سید نور نے دلچسپ واقعہ سنا دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستان کے معروف ہدایت کار سید نور نے انکشاف کیا ہے کہ 2006ء میں بنائی گئی فلم مجاجن کی مشہور ڈانس پرفارمنس کے لیے اداکار شان شاہد نے ابتداء میں گھنگرو پہننے سے انکار کر دیا تھا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سید نور نے بتایا کہ میں نے شان شاہد سے کہا تھا کہ وہ فلم کے ایک اہم منظر میں ہاتھوں اور پاؤں میں گھنگرو باندھ کر اداکارہ صائمہ کے سامنے رقص کریں، جبکہ صائمہ اس منظر میں ہارمونیم بجا رہی تھیں۔

سید نور کے مطابق شان شاہد جو ایک ایکشن ہیرو کی پہچان رکھتے ہیں، اس تجویز پر حیران ہوئے اور کہا کہ میں ابھی ایکشن سینز اور فائرنگ کی شوٹنگ مکمل کر کے آیا ہوں، ایسے میں گھنگرو پہن کر رقص کرنا میری شخصیت سے مختلف لگے گا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ سیٹ پر موجود کچھ افراد نے بھی شان شاہد کو خبردار کیا کہ وہ ایکشن ہیرو ہیں اور یہ منظر ان کی امیج کو متاثر کر سکتا ہے، لیکن میں نے انہیں یقین دلایا کہ یہ منظر ناصرف منفرد ہو گا بلکہ آپ پر بھی خوب جچے گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس منظر کی تخلیقی سوچ عظیم صوفی بزرگ بابا بلھے شاہ کی روایت سے متاثر تھی، جن کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے اپنے روحانی مرشد کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے خواتین کا لباس اور گھنگرو پہن کر رقص کیا تھا۔

سید نور کے مطابق آخرکار شان شاہد اس منظر کے لیے آمادہ ہو گئے اور یہی پرفارمنس بعد میں فلم مجاجن کی سب سے یادگار اور مقبول جھلکیوں میں شمار ہوئی۔

واضح رہے کہ شان شاہد پاکستان فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ سید نور نے اپنی متعدد بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے لالی ووڈ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید