پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کے متفقہ چیئرمین منتخب کرلیے گئے ہیں۔
تاریخ میں پہلی بار جنوب ایشیائی امریکن کو یو ایس سی آئی آر ایف کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر آصف محمود یو ایس سی آئی آر ایف کے وائس چیئرمین تھے۔
امریکا کا عالمی مذہبی آزادی کمیشن ادارہ خارجہ پالیسی سازی میں معاونت کرتا ہے اور ڈاکٹر آصف سے پہلے کمیشن کی چیئرمین وکی ہرٹزلر تیرہ برس تک رکن کانگریس رہی تھیں۔
امریکن پاکستانی ڈاکٹر آصف کا یو ایس سی آئی آر ایف کا چیئرمین بننا بھارت کے لیے دھچکہ ہے۔ ڈاکٹر آصف مذہبی آزادی کی پامالی پر بھارت کو انتہائی تشویش کا حامل ملک قرار دلانا چاہتے ہیں۔
یو ایس سی آئی آر ایف کمیشن کا مطالبہ ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را پر پابندیاں لگائی جائیں۔ کمیشن کا مطالبہ ہے کہ امریکی تجارتی پالیسی بھارت میں مذہبی آزادی سے مشروط کی جائے۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک لیڈر ڈاکٹر آصف محمود کا تعلق کھاریاں سے ہے اور وہ کیلیفورنیا سے کانگریس کا الیکشن لڑچکے ہیں۔