• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعیمہ بٹ نے مشورے دینا شروع کیے، اداکاراؤں کے غیر ضروری نخرے برداشت نہیں کرتی: سنگیتا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ اور معروف ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نعیمہ بٹ سے متعلق چونکا دینے والے دعوے کیے ہیں۔

سنگیتا پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک معتبر نام ہیں۔ انہوں نے متعدد کامیاب ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں کس دن میرا ویاہ ہووے گا، میری بہن میری دیورانی اور قدوسی صاحب کی بیوہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ لالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں، جیسے سوسائٹی گرل، نکاح اور سونا چاندی کی ہدایت کاری بھی کر چکی ہیں۔

حال ہی میں سنگیتا نے ایک انٹرویو دیا، جس کے دوران انہوں نے ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ کے حوالے سے گفتگو کی۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے سنگیتا نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ابتدا میں میں نے نعیمہ بٹ کو کاسٹ کیا تھا، لیکن میں ایسی ہدایت کارہ ہوں جو اداکاراؤں کے غیر ضروری نخرے برداشت نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ نعیمہ نے اپنی پسند کے ہیروز کو کاسٹ کرنے سے متعلق مشورے دینا شروع کر دیے، جسے میں نے قبول نہیں کیا۔ بعدازاں میں نے ان سے معذرت کی، اپنی پیشگی رقم واپس مانگی اور انہوں نے وہ رقم واپس کر دی۔

اداکارہ نے کہا کہ میرا مطلب یہ ہے کہ آپ ابھی نئی ہیں، جبکہ مجھے اس شعبے میں کام کرتے ہوئے 50 برس ہو چکے ہیں، ایسے میں آپ مجھے مشورے کیسے دے سکتی ہیں؟ ہاں، وہ ڈراموں میں کام کر رہی ہیں، جو ان کے لیے اچھی بات ہے، لیکن یہ ان کے لیے ایک بہترین موقع اور مضبوط کردار تھا، جو میں نے ان کے رویے کی وجہ سے واپس لے لیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بطور اداکار ہم نے کبھی سیٹ پر نخرے یا ایسا رویہ نہیں دکھایا۔

واضح رہے کہ ان دنوں سنگیتا اپنی نئی فیچر فلم مکھو کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں، جس کی کاسٹ میں صائمہ، معمر رانا، میرا اور لیلیٰ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وہ جلد نشر ہونے والے میگا ڈرامے بھلے شاہ کی بھی ہدایت کاری کر رہی ہیں، جس میں صائمہ، شاہد، عائشہ فیاض، کامران مجاہد اور زاویار نعمان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید