• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیشن کورٹ اسلام آباد: بیرسٹر گوہر کی وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد کی عدالت نے بیرسٹر گوہر کی وزیراعظم شہبازشریف، وزیر داخلہ محسن نقوی و دیگر وزراء کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کر دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کرتے ہوئے 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے حکم نامہ میں قرار دیا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود درخواست گزار نے بطور چشم دید گواہ اپنا بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے نہ ہی کسی گواہ کو عدالت میں پیش کیا اور نہ ہی کوئی قابلِ قبول شواہد جمع کروائے گئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت میں 12 افراد کی ہلاکت اور 38 سے زائد کارکنوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔ تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹس، ڈیتھ سرٹیفکیٹس، میڈیکل رپورٹس، ڈیجیٹل فوٹیج یا دیگر ابتدائی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ 

عدالت نے مزید قرار دیا کہ محض زبانی الزامات کی بنیاد پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، آئی جی اسلام آباد علی ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز علی رضا اور ایس ایس پی آپریشنز ذیشان حیدر سمیت دیگر کے خلاف کارروائی نہیں کی جا سکتی۔

حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ اگر متعلقہ ادارے تعاون نہیں کر رہے تھے تو درخواست گزار قانونی طریقہ کار کے تحت قبر کشائی سمیت دیگر اقدامات کر سکتا تھا، تاہم اس حوالے سے بھی کوئی مؤثر قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید