• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثانیہ مرزا بھی حکومت کیخلاف احتجاج کرنیوالے طلبہ کی حمایت میں بول پڑیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے اور حکومت سے تعلیمی نظام میں بامعنی اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں لکھا ہے کہ طلبہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور مجھے ان طلبہ کے لیے بہت دکھ ہو رہا ہے جنہوں نے نیٹ (NEET) کی تیاری میں برسوں گزارے اور اب حالیہ دنوں میں انہیں غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ طلبہ کی شکایات سنی جائیں، ان کے تحفظات کو دور کیا جائے اور تعلیمی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے مناسب اصلاحات نافذ کی جائیں۔

ثانیہ مرزا نے لکھا ہے کہ ہمارے معاشرے میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ پرامن طریقے سے اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے جو ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنا سکے۔

واضح رہے کہ بھارت میں طلبہ نیٹ (NEET) کا پرچہ لیک ہونے کے بعد سراپا احتجاج ہیں اور تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ساتھ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مظاہرین کا مؤقف ہے کہ اس اسکینڈل کے باعث متعدد طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، جبکہ مختلف رپورٹس میں کم از کم 12 طلبہ کی خودکشی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید