پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے متعلق ایک بار پھر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق یہ سیریز 2026ء کے اختتام تک نیٹ فلکس پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ سیریز فرحت اشتیاق کے مقبول ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہے، ناول 2009ء میں خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہوا تھا، جبکہ 2013ء میں کتابی شکل میں منظرِ عام پر آیا اور قارئین میں بے حد مقبول ہوا۔
اگرچہ اس سے قبل کئی پاکستانی ڈرامے ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد نیٹ فلکس پر شامل کیے جا چکے ہیں، تاہم ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز قرار دی جا رہی ہے۔
سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقراء عزیز، صنم سعید، احد رضا میر، نادیہ خان سمیت شوبز کی متعدد معروف شخصیات شامل ہیں۔
یہ سیریز ابتداء میں 2025ء میں ریلیز ہونی تھی، تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے اس کی نمائش مؤخر ہو گئی، تاخیر کے بعد نہ تو کاسٹ اور نہ ہی پروڈیوسرز کی جانب سے کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ سامنے آئی، جس کے باعث یہ قیاس آرائیاں بھی کی جاتی رہیں کہ شاید منصوبہ روک دیا گیا ہے۔
تازہ رپورٹس کے مطابق اس وقت سیریز فائنل ایڈیٹنگ کے مرحلے میں ہے جبکہ کاسٹ جلد ہی اس کی تشہیری مہم کا آغاز بھی کر سکتی ہے۔