نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ جون میں ریلیز ہونے کو تیار ہے۔
پاکستان میں شوبز اور ڈرامہ انڈسٹری کے دیوانوں کے لیے ایک بڑی خوش خبری سامنے آ گئی ہے، جس سیریز کا سب کو شدت سے انتظار تھا، اب لگتا ہے کہ وہ جلد ہی ہماری اسکرینز پر جلوہ گر ہونے والی ہے۔
جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو (JBHSSL) جو کہ Netflix کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہے، ممکنہ طور پر جون 2025ء میں ریلیز کی جا سکتی ہے۔
یہ اشارہ خود مشہور ناول نگار فرحت اشتیاق نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو کے نیچے کمنٹ کرتے ہوئے دیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ سیریز جون میں آ سکتی ہے، اگرچہ نیٹ فلکس کی طرف سے کوئی سرکاری اعلان نہیں آیا، لیکن جب اشارہ کہانی کی خالق کی طرف سے آئے تو شائقین اسے نظرانداز نہیں کر سکتے۔
یہ کہانی ہے سکندر نامی ایک ذہین مگر جذباتی طور پر ٹوٹے ہوئے ہارورڈ لاء کے طالب علم اور لیزا نامی بےخوف اطالوی فنکارہ کی جس کا اپنا ماضی بھی زخموں سے بھرا ہوا ہے، یہ دونوں کردار غم اور محبت کے سفر پر نکلتے ہیں اور اس سحر انگیز کہانی کا منظر نامہ اٹلی کی حسین وادیوں میں بسا ہوا ہے۔
سیریز کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، مایا علی، ہانیہ عامر، اقراء عزیز، بلال اشرف اور خوش حال خان شامل ہیں۔
یہ ایک ڈریم کاسٹ ہے اور سیریز کا ہر منظر شائقین کو جکڑ کر رکھے گا۔