ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میسی آئندہ چند ماہ تک قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے تاکہ ٹیم کو سنبھلنے کا موقع مل سکے تاہم وہ مستقبل میں کسی اور عالمی کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ 39 سالہ میسی نے 2026ء فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول اور 4 گول میں مدد فراہم کی تھی جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے بڑے گول اسکورر رہے، فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹینا کی شکست کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن میسی کے اعزاز میں ایک خصوصی اور شاندار الوداعی میچ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ شائقین اپنے عظیم ترین کھلاڑی کو یادگار انداز میں خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔
فٹبالر میسی کا بین الاقوامی کیریئر کئی نشیب و فراز سے بھرپور رہا، متعدد فائنلز میں ناکامیوں اور شدید تنقید کے بعد انہوں نے ارجنٹینا کو تاریخ کے کامیاب ترین دور میں پہنچایا۔
ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021ء میں کوپا امریکا، 2022ء فائنلسیما، 2022ء فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کوپا امریکا کے ٹائٹل جیتے جبکہ 2026ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے رخصتی محض ایک اعلان تک محدود نہیں ہو گی بلکہ ان کے شاندار کیریئر کے شایانِ شان ایک تاریخی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔