• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ سے ٹائیگر شروف کی جان کیسے بچی؟ حملے کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ممبئی میں فائرنگ کے واقعے کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹائیگر شروف پر فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز ممبئی کے علاقے جوہو میں اس وقت پیش آیا جب وہ ایک فٹ بال گراؤنڈ سے اپنی بی ایم ڈبلیو میں روانہ ہونے والے تھے۔

حال ہی میں منظرِ عام پر آنے والی ویڈیوز میں سے ایک میں موٹر سائیکل پر سوار افراد اداکار کی گاڑی کے قریب پہنچتے اور فائرنگ کرتے نظر آئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر کم از کم 4 گولیاں چلائی گئیں۔

ایک اور مختصر ویڈیو میں حملہ آور اداکار نے گاڑی کی کھڑکی کے بالکل قریب آ کر فائر کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی بندوق جام ہو گئی۔

اب ممکن ہے کہ بندوق جام ہونے کی وجہ سے ہی ٹائیگر شروف کی جان بچی ہو لیکن صرف ایک مختصر ویڈیو کی بنیاد پر کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے دوران ٹائیگر شروف کے ڈرائیور فردوس کو گولی لگی اور اداکار کے ڈرائیور کے علاوہ ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔

اس واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں سے ایک میں ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکلتے اور اداکار کو ڈرائیونگ سیٹ کی طرف منتقل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔


ممبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ٹائیگر شروف کو کوئی گہری چوٹ نہیں آئی۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کیے اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے اس معاملے میں ایک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے انیل پنڈت نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں ہرمَن سندھو کا نام بھی لیا گیا ہے، جس میں دھمکی دی گئی کہ ٹائیگر شروف کو پہلے فون کر کے سمجھانے کی کوشش کی گئی، تاہم بات نہ سمجھنے پر فائرنگ کی گئی۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید دھمکی دی گئی کہ ممبئی فلم انڈسٹری میں جو بھی ہماری بات نہیں مانے گا یا سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا وہ اگلا نشانہ ہو گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید